نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر آل انڈیا ریڈیو کا ماہانہ ریڈیو پروگرام 'من کی بات' اگلے تین ماہ تک نشر نہیں کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے 110ویں ایپی سوڈ میں پی ایم مودی نے کہا کہ مارچ کے مہینے میں الیکشن کی وجہ سے ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں بھی ایسا ہی ہوا تھا۔
اس موقع پر پی ایم مودی نے مزید کہا کہ 'جب ہم اگلی ملاقات کریں گے تو وہ 111ویں قسط ہوگی۔' پی ایم مودی نے 111 نمبر کی اہمیت کو بتاتے ہوئے کہا کہ اس نمبر سے بہتر اور کیا ہوسکتا ہے۔ وہیں وزیر اعظم مودی نے کئی مواقع پر اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات جیت کر اقتدار میں پھر سے واپس آئیں گے۔ واضح ہو کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل ہی 'من کی بات' کا ٹیلی کاسٹ روک دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’یوم خواتین‘ خواتین کی طاقت کو سلام کرنے کا ایک موقع ہے: وزیراعظم مودی کا من کی بات سے خطاب
قابل ذکر ہو کہ 3 اکتوبر 2014 کو شروع کی گئی من کی بات کا مقصد بھارتی سماج کے مختلف طبقات بشمول خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کے ساتھ جڑنا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے مودی حکومتی اقدامات، پالیسیوں اور فلاحی اسکیموں کے بارے میں معلومات فراہم کراتی ہے۔ 22 بھارتی زبانوں اور 29 بولیوں میں نشر ہونے والی من کی بات فرانسیسی، چینی اور عربی سمیت 11 غیر ملکی زبانوں میں بھی سامعین تک پہنچتی ہے۔