مالیگاؤں: مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں واقع مالدہ شیوار علاقے میں خاتون حجن مسجد کے پاس ایک مکان میں اچانک آگ لگنے کی وجہ سے ایک ہی گھر کے کئی افراد شدید زخمی ہوگئے اور ایک 35 سالہ معذور شخص جاں بحق ہوگیا۔ جس کے بعد متاثرین سمیت محلے کے سرکردہ افراد نے پرائیویٹ بجلی کمپنی کے خلاف ایف آئی آر کا مطالبہ کیا ہے۔
اس تعلق سے میونسپل کارپوریشن کے محکمہ فائر بریگیڈ کے شکیل تیراک نے نمائندے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ مالدہ شیوار علاقے کے کچھ سماجی کارکنان نے فون پر آگ لگنے کی اطلاع دی۔ جس کے بعد دونوں فائر اسٹیشن سے تین گاڑیوں کو روانہ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی شدت کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں کافی دشواریاں پیش آئیں، لیکن کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
شکیل تیراک نے بتایا کہ اس بھیانک حادثے میں 35 سالہ معذور شخص کی گھر میں پھنسے رہنے کی وجہ سے موت ہوگئی اور مزید گھر کے افراد شدید طور پر زخمی ہوگئے ہیں، جنہیں سِول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اس تعلق سے سماجی کارکن شفیق شیخ نے بتایا کہ محلے کے نوجوانوں کے مطابق آگ ٹرانسفارمر کی وجہ سے لگی تھی۔ اور یہ دوسرا حادثہ ہے جو بجلی کمپنی کی لاپرواہی کی وجہ سے رونما ہوا ہے، کچھ دن قبل بھی ایک بچے کی بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے کے سبب موت واقعے ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ بجلی کمپنی نے جو وعدہ کیا اسے اب تک پورا نہیں کیا ہے۔ اسلئے مقامی سیاسی لیڈران اس طرف توجہ دیں اور پرائیویٹ بجلی کمپنی کی من مانی پر لگام لگی جائے۔
وہیں متاثرین نے کہا کہ جس ٹرانسفارمر کے باعث آتشزدگی ہوئی ہے اس کو ہٹانے کیلئے گذشتہ 6 ماہ قبل ہی درخواست عریضی دی گئی تھی لیکن بجلی کمپنی کے ملازمین نے اس طرف بلکل بھی توجہ نہیں دی جس کے سبب آج اتنا بڑا حادثہ پیش آیا۔ جس کے بعد سے وہ بجلی کمپنی کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ عین عیدالفطر سے ایک روز قبل اس غریب خاندان کا سب کچھ جل کر راکھ ہوگیا، اس خاندان کا 35 سالہ نوجوان انصاری محمد یاسین بھی اس آگ کی لپیٹ میں آکر جاں بحق ہوگیا ہے ۔دیر رات ہوئے اس دردناک واقعہ کی اطلاع ملنے پر آج سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی۔ ان کو تسلی دی اور نقد مالی امداد فراہم کی۔
فی الحال سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے الیکٹرک پول سے کرنٹ لگنے کے سبب جاں بحق ہونے والے شخص کے والد کو پرائیویٹ بجلی کمپنی کی جانب سے 4 لاکھ روپے کی امداد دلوانے میں معاونت کی۔
یہ بھی پڑھیں: