حیدرآباد: لوک سبھا انتخابات 2024 کا ساتواں اور آخری مرحلہ یکم جون بروز ہفتہ کو ہونا ہے۔ اس مرحلے میں آٹھ ریاستوں کی 57 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ اس کے بعد 4 جون کو انتخابی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ ساتھ ہی ووٹنگ کے آخری مرحلے کی تکمیل کے بعد الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق، شام کو مختلف پولنگ ایجنسیوں کے ایگزٹ پول جاری کیے جائیں گے۔ ووٹ ڈالنے کے بعد لوگ ایگزٹ پول پر نظریں جمائے رکھتے ہیں کیونکہ ایگزٹ پول کے اندازوں سے قیاس لگایا جا سکتا ہے کہ انتخابات میں کس پارٹی کو کتنی سیٹیں مل سکتی ہیں یا ملک میں کس پارٹی کی حکومت بننے کی امید ہے۔
اس خبر کے ذریعے ہم 2019 کے عام انتخابات کے حوالے سے جاری کیے گئے ایگزٹ پول کے بارے میں بھی جانیں گے۔ ہم یہ بھی جاننے کی کوشش کریں گے کہ گزشتہ الیکشن میں ایگزٹ پول کی پیشین گوئیاں کتنی درست ثابت ہوئیں۔ لیکن اس سے قبل ہم یہ جانیں گے کہ ایگزٹ پول کیسے نکالے جاتے ہیں۔
ایگزٹ پول کیا ہوتا ہے؟
انتخابی نتائج کا اندازہ لگانے کے لیے کچھ نجی ایجنسیوں کے ذریعے ایگزٹ پول کرائے جاتے ہیں۔ اس کے تحت انتخابات کے دن پولنگ بوتھ کے باہر ووٹرز کی رائے اور ان کا جھکاؤ جاننے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ووٹرز سے کئی سوالات پوچھے جاتے ہیں جیسے کہ آپ نے کس کو ووٹ دیا اور کیوں وغیرہ۔ اس کے بعد ووٹرز سے حاصل کردہ ڈیٹا کا تجزیہ کیا جاتا ہے، جس کی بنیاد پر انتخابی نتائج کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ بھارت میں کئی ساری نجی پول ایجنسیاں ایک مقررہ طریقہ کار کے ذریعے انتخابات کے دوران اس پر عمل کرتی ہیں۔ ایگزٹ پولز حتمی انتخابی نتائج کی ایک جھلک پیش کرتے ہیں۔ بعض اوقات ایگزٹ پول کی پیشین گوئیاں درست ثابت ہوتی ہیں۔ لیکن کئی بار یہ اندازے بھی غلط ثابت ہوئے ہیں۔
عام انتخابات 2019 کے نتائج
گزشتہ لوک سبھا انتخابات 2019 میں بی جے پی وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مسلسل دوسری بار اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آئی۔ بی جے پی کو کل 303 سیٹیں ملی تھیں۔ جبکہ کانگریس کو 52، ڈی ایم کے اور ٹی ایم سی کو 24-24، وائی ایس آر سی پی کو 22، شیوسینا کو 18، جے ڈی یو کو 16، بی جے ڈی کو 12، بی ایس پی کو 10، ٹی آر ایس (اب بی آر ایس) کو 10، ایل جے پی کو 6، ایس پی اور این سی پی کو 5-5 اور دوسری پارٹیوں کو 39 سیٹیں ملیں۔
سال 2019 کے ایگزٹ پول کے تخمینے
سال 2019 کے عام انتخابات میں ماحول شروع سے ہی بی جے پی کے حق میں دکھائی دے رہا تھا، اپوزیشن بکھر گئی تھی۔ 2019 میں زیادہ تر ایگزٹ پولز نے بی جے پی اور این ڈی اے کی بھاری جیت کی پیش گوئی کی تھی۔ بیشتر ایگزٹ پولز میں بی جے پی اور این ڈی اے کو 300 سے زیادہ سیٹیں ملنے کی قیاسی کی گئی تھی۔ جبکہ کانگریس کی قیادت میں یو پی اے اتحاد کو تقریباً 100 سیٹیں ملنے کی امید تھی۔ لوک سبھا انتخابات 2019 کے نتائج آنے کے بعد، ایک یا دو کو چھوڑ کر بیشتر ایگزٹ پول کی پیشین گوئیاں درست ثابت ہوئیں۔
پول ایجنسی | بی جے پی | کانگریس | ایس پی-بی ایس پی | دیگر |
انڈیا ٹوڈے- ایکسس مائی انڈیا | 339-365 | 77-108 | 10-16 | 59-79 |
ٹائمز ناؤ-وی ایم آر | 306 | 132 | 20 | 84 |
سی۔ووٹر | 287 | 128 | 40 | 87 |
اے بی پی۔نیلسن | 277 | 130 | 45 | 90 |
نیوز 24 چانکیا | 350 | 95 | -- | 97 |
سال 2019 میں بھی لوک سبھا کے انتخابات سات مرحلوں میں کرائے گئے تھے۔ بھاری نقدی برآمد ہونے کے بعد تمل ناڈو کی ویلور لوک سبھا سیٹ کا انتخاب منسوخ کر دیا گیا۔ جبکہ کل 543 میں سے 542 سیٹوں پر انتخابات ہوئے۔ انتخابی نتائج کا اعلان 23 مئی 2019 کو ہوا۔ گزشتہ انتخابات میں تمام مراحل میں اوسطاً 67.09 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔