لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں ووٹنگ شام 6 بجے ختم ہوگئی، جس میں تقریباً 62.70 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مغربی بنگال میں سب سے زیادہ 75.87 فیصد ووٹ ڈالے گئے، اس کے بعد مدھیہ پردیش میں 68.36 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ جبکہ جموں و کشمیر میں سب سے کم 36.01 فیصد پولنگ درج کی گئی۔ توقع ہے کہ الیکشن کمیشن منگل تک حتمی اعداد و شمار جاری کر دے گا۔
اس سے قبل لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل 66.14 فیصد ووٹنگ درج کی گئی تھی جبکہ دوسرے مرحلے میں کل 66.71 فیصد ووٹنگ اور تیسرے مرحلے میں کل 65.68 فیصد پولنگ درج کی گئی تھی۔
لوک سبھا انتخابات سات مرحلوں پر مشتمل ہے۔ چار مرحلے مکمل ہونے کے بعد اب پانچواں مرحلہ 20 مئی کو ہے اور چھٹا مرحلہ، 25 مئی کو جبکہ آخری اور ساتواں مرحلہ، یکم جون ہے۔ لوک سبھا انتخابات 2024 کے نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔