نئی دہلی: خط افلاس سے باہر نکلنے والے خاندانوں کو کچھ وقت تک اور سنبھالنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کہا کہ حکومت مفت غذائی اجناس اسکیم کے ساتھ ساتھ آیوشمان ہیلتھ کارڈ جیسی اور پردھان منتری آواس یوجنا جیسی فلاحی اسکیموں کو آگے بھی جاری رکھے گی۔
مودی نے بجٹ اجلاس کے آغاز میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کے خطاب کے لئے شکریہ کی تحریک پر راجیہ سبھا میں بحث کا جواب دیتے ہوئے اگلے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی مسلسل تیسری جیت کو یقینی بتایا۔
انہوں نے کہا، ’’ہم کسی بھی حالت میں ترقی کی رفتار کو کم نہیں ہونے دیں گے… ہماری تیسری معیادکار زیادہ دور نہیں ہے۔ لوگ پہلے ہی مودی 3.0 کے بارے میں بات کرنے لگے ہیں۔ ہم نئی حکومت کے تحت ترقی یافتہ ہندوستان کی بنیاد کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی پوری طاقت استعمال کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کے گزشتہ 10 سال کی مدت کار میں جو 25 کروڑ سے زائد لوگ خط افلاس سے باہر نکلے ہیں وہ پھر سے غربت کا شکار نہ ہوجائیں اس لئے ہم اگلے پانچ سال میں نئے متوسط طبقے کی ترقی کے لیے کوششیں تیز کریں گے اورسماجی انصاف کے ’مودی کوچ ‘ کو مزید مضبوط کریں گے۔
اپوزیشن کی اس تنقید کے جواب میں کہ جب 25 کروڑ لوگ غربت سے باہر نکل چکے ہیں تو 80 کروڑ لوگوں کو مفت اناج دینے کی کیا ضرورت ہے، وزیراعظم نے کہا کہ خط افلاس سے باہر نکلنے والوں کو ابھی اورمضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ یواین آئی۔