میرے پاس لوک سبھا الیکشن لڑنے کے لئے درکار فنڈز نہیں ہیں: نرملا سیتارمن - Nirmala Sitharaman on ls polls - NIRMALA SITHARAMAN ON LS POLLS
بی جے پی کی سینیئر رہنما و مرکزی وزیر نرملا سیتارمن نے الیکشن لڑنے کے لئے درکار فنڈ نہ ہونے کی وجہ سے لوک سبھا انتخابات 2024 میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
By PTI
Published : Mar 28, 2024, 7:08 AM IST
نئی دہلی: مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے بدھ کو کہا کہ وہ لوک سبھا انتخابات نہیں لڑیں گی اور اس سے پارٹی کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ان کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے درکار فنڈز نہیں ہیں، اس کے علاوہ جیتنے کے لیے بہت سے دوسرے عوامل بھی سازگار نہیں ہیں۔
میڈیا آؤٹ لیٹ ’ٹائمز ناؤ‘ کے ذریعہ منعقدہ ایک پروگرام میں سیتارمن نےکہا ہے کہ بی جے پی صدر جے پی نڈا نے انہیں آندھرا پردیش یا تمل ناڈو سے انتخاب لڑنے کا اختیار دیا۔ "ایک ہفتہ یا دس دن تک سوچنے کے بعد میں صرف یہ کہنے کے لیے واپس آئی کہ شاید نہیں، میرے پاس الیکشن لڑنے کے لیے اتنے پیسے نہیں ہیں"۔
انہوں نے مزید کہا کہ "میں بہت شکر گزار ہوں کہ پارٹی نے میری دلیل کو قبول کیا... اس لیے میں انتخابات میں حصہ نہیں لے رہی ہوں"۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ملک کے وزیر خزانہ کے پاس بھی لوک سبھا الیکشن لڑنے کے لیے اتنے فنڈز کیوں نہیں ہیں، تو انھوں نے کہا کہ ہندوستان کا کنسولیڈیٹڈ فنڈ ان کا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ "میری تنخواہ، میری کمائی، میری بچت میری ہے نہ کہ ہندوستان کا کنسولیڈیٹیڈ فنڈ"۔
حکمراں بی جے پی نے 19 اپریل سے شروع ہونے والے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں راجیہ سبھا کے کئی موجودہ ارکان کو میدان میں اتارا ہے۔ ان میں پیوش گوئل، بھوپیندر یادو، راجیو چندر شیکھر، منسکھ منڈاویہ، اور جیوترادتیہ سندھیا شامل ہیں۔ سیتا رمن کرناٹک سے راجیہ سبھا کی رکن ہیں۔ سیتا رمن نے کہا کہ وہ مختلف امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ "میں میڈیا کے بہت سے پروگراموں میں بھی شرکت کروں گی۔ اور کل کی طرح امیدواروں کے ساتھ جا کر میں راجیو چندر شیکھر کی مہم کے لیے جاؤں گی اور ہاں، میں انتخابی مہم میں ہوں گی"۔
یہ بھی پڑھیں:
- اقتدار میں آتے ہی روزگار کا انقلاب لائیں گے: راہل گاندھی
- وزیراعظم مودی بے روزگاری اور مہنگائی پر بولنے میں شرم محسوس کرتے ہیں: لالو یادو
- مودی کی نیت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی نہیں، راہل
- صاحب ہالی ہالی۔۔۔ سے نیہا سنگھ راٹھور نے یوپی میں بے روزگاری پر یوگی حکومت کو گھیرا
واضح رہے کہ سیتا رمن حکمراں بی جے پی کے سینئر لیڈروں میں سے ایک ہیں۔ نرملا سیتا رمن اس وقت راجیہ سبھا کی رکن ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی کابینہ کی اہم رکن ہیں۔ وزارت خزانہ کے علاوہ ان کے پاس کارپوریٹ امور کی وزارت کا چارج بھی ہے۔
پی ٹی آئی