نئی دہلی: دہلی میں ایک المناک حادثہ پیش آیا ہے۔ دہلی کے وویک وہار علاقے میں واقع بیبی کیئر اسپتال میں ہفتہ کی رات آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ مقامی لوگوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ اسپتال میں پھنسے گیارہ نوزائیدہ بچوں کو باہر نکالا گیا۔ جس میں 7 بچے جاں بحق ہو گئے، 5 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا ہے۔ آگ لگنے سے اسپتال مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ ساتھ ہی اسپتال سے ملحقہ عمارت میں بھی آگ لگ گئی جس پر بھی فائر بریگیڈ کی ٹیم نے قابو پالیا ہے۔ آگ لگنے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے۔ فائر بریگیڈ ٹیم کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہوگی۔ تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ دھماکے کی زوردار آواز سے شروع ہوئی۔ ایسے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ سلنڈر پھٹنے سے لگی۔
فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ ہفتہ کی رات 11:32 بجے وویک وہار میں واقع بیبی کیئر اسپتال میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ تقریباً ایک گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ایم ایل اے اور دہلی اسمبلی کے اسپیکر رام نیواس گوئل بھی موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس المناک حادثے کے وقت 11 بچے اسپتال میں ایڈمٹ تھے۔ باقی بچوں کو دوسرے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بھگت سنگھ سیوا دَل کے صدر پدم شری جتیندر سنگھ شانتی نے بتایا کہ آگ زوردار دھماکے کے بعد لگی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسپتال کے باہر ایمبولینسوں میں آکسیجن بھرنے کا کام کیا جاتا ہے۔ آکسیجن ری فلنگ کے دوران سلنڈر پھٹ گیا۔ یکے بعد دیگرے تین سلنڈر پھٹ گئے۔ جس کی وجہ سے پہلے اسپتال اور پھر ملحقہ عمارت میں بھی آگ بھڑک اٹھی۔
یہ بھی پڑھیں: