نئی دہلی: کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے آج، 4 اپریل، 2024 کو نئی دہلی میں راجیہ سبھا سے ممبر پارلیمنٹ کے طور پر حلف لیا۔ سونیا گاندھی گاندھی اور مرکزی وزیر اشونی وشنو سمیت دیگر 14 افراد نے راجیہ سبھا کے ارکان کی حیثیت سے حلف لیا۔
سونیا گاندھی راجستھان سے پہلی مرتبہ راجیہ سبھا کی رکن بنی ہیں، جو 91 سالہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ سنگھ کی 3 اپریل کو اپنی میعاد پوری کرنے کے بعد مخلوعہ سیٹ سے راجیہ سبھا ممبر بنی ہیں۔ سونیا گاندھی نے قائد ایوان پیوش گوئل اور کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے کی موجودگی میں حلف لیا۔ حلف برداری کے دوران ان کی بیٹی پرینکا گاندھی واڈرا بھی موجود تھیں۔
نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھر نے سونیا گاندھی سمیت دیگر 14 افراد کو پارلیمنٹ ہاؤس کی نئی عمارت میں حلف دلایا۔ سونیا گاندھی نے راجستھان سے ایوان بالا کی رکن کے طور پر حلف لیا۔ ویشنو نے اڈیشہ سے اسی ایوان کے رکن کے طور پر حلف لیا۔
سونیا گاندھی کے راجیہ سبھا ممبر کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ٹویٹ کیا کہ "کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن، محترمہ سونیا گاندھی کو میری نیک خواہشات، وہ آج راجیہ سبھا میں حلف لے کر اپنی نئی اننگز کا آغاز کر رہی ہیں۔ اور ہماری پارلیمانی حکمت عملی کی رہنمائی کرتی رہے گی۔ انہوں نے لوک سبھا کی خدمت کرتے ہوئے 25 سال مکمل کر لیے ہیں، اور اب میں اور میرے ساتھی ارکان ایوان بالا میں ان کی موجودگی کا انتظار کررہے ہیں''۔