شملہ: کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کا منشور تمام طبقات کے لیے ہے جب کہ بی جے پی کا صرف مودی کی گارنٹی ہے۔
چدمبرم نے کہا کہ بی جے پی مسلسل کانگریس کے منشور کو نشانہ بنا رہی ہے۔ بی جے پی کا الزام ہے کہ کانگریس نے ایک مخصوص طبقہ کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے۔ ذاتی دورے پر شملہ پہنچے مسٹر چدمبرم نے کہا کہ ملک میں سماجی اور اقتصادی عدم مساوات ہے۔ ایس سی اور ایس ٹی زمرے کے لوگ سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ ہندو، مسلمان، سکھ، عیسائی، سبھی طبقے کے لوگ غریب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے منشور میں کہا ہے کہ ہم تمام طبقات کے ساتھ انصاف کریں گے۔ کانگریس پارٹی نے ملک کے دور دراز علاقوں کے لوگوں کا ذکر کیا ہے۔ کانگریس کے منشور سے بی جے پی کودقت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے منشور کا عنوان مودی کی گارنٹی ہے۔ مودی کی گارنٹی منشور نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو پہلے کانگریس کا منشور پڑھنا چاہئے اور پھر کچھ کہنا چاہئے۔
الیکٹورل بانڈز کے سوال پر چدمبرم نے کہا کہ بی جے پی نے 8500 کروڑ روپے کے انتخابی بانڈ لیے ہیں۔ کوئی بھی دوسری پارٹی پبلسٹی اور ہورڈنگز کے معاملے میں بی جے پی کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ کانگریس پارٹی کے کھاتوں کو منجمد کر دیا گیا ہے۔ انتخابات میں ملک کے عوام ہی کانگریس پارٹی کا ساتھ دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اگر آئین کو ختم کیا گیا تو غریبوں سے سب کچھ چھین لیا جائے گا: راہل گاندھی
بی جے پی کے 400 پار کے نعرے کے سوال کے جواب میں چدمبرم نے کہا کہ وہ تمل ناڈو میں 25 اور کیرالہ میں 20 سیٹوں پر لڑ رہی ہے۔ بی جے پی ان تمام سیٹوں پر ہارے گی۔
یواین آئی۔