نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کے "بھگوان کی جانب سے بھیجے گئے" ریمارکس اور بی جے پی حکومت سازی کے لئے اپنے اتحادیوں پر بھروسہ کرنے پر طنز کرتے ہوئے راجیہ سبھا کے رکن کپل سبل نے جمعرات کو کہا کہ اتحاد صرف انسان کے ساتھ ہوتا ہے بھگوان کے ساتھ نہیں۔ کپل سبل نے کہا کہ "وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ بھگوان نے انہیں بھیجا ہے، اور وہ بھگوان کی شکل ہیں۔ بگھوان کے ساتھ اتحاد کیسے ہوسکتا ہے؟ اتحاد انسانوں کے ساتھ جڑا ہوتا ہے، بھگوان سے نہیں۔
جے ڈی یو لیڈر کے سی تیاگی کے اس بیان پر کہ 'اگنی پتھ' اسکیم میں خامیوں پر این ڈی اے کو تفصیل سے بات کرنی چاہئے، راجیہ سبھا کے رکن کپل سبل نے کہا کہ بہت سے لوگ اس اسکیم سے غیر مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "دیالو بھگوان کو اس کے بارے میں سوچنا چاہئے اور اس پر بات چیت ہونی چاہئے"۔
کپل سبل نے یہ بھی بتایا کہ بی جے پی ہر ریاست میں اپنے اتحادیوں کو ختم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ سبل نے کہا کہ ’’بہار میں جے ڈی یو کو اور مہاراشٹر میں شیوسینا کو دیکھو، وہ ہمیشہ اپنے اتحادیوں کو ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘‘
این ڈی اے کی میٹنگ بدھ کو ہوئی، اتحاد کی اکثریتی جیت کے بعد اپنی نوعیت کی پہلی میٹنگ تھی۔ میٹنگ میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور این ڈی اے کے سرکردہ رہنماؤں کے ساتھ نریندر مودی نے شرکت کی، جس سے اتحاد کی یکجہتی کو تقویت ملی۔ این ڈی اے کے لیڈروں نے مودی پر بھروسہ کیا ہے اور انہیں اتحاد کے رہنما کے طور پر منتخب کیا ہے، جس سے ان کے لیے مسلسل تیسری بار وزیر اعظم بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعلان کردہ نتائج کے مطابق لوک سبھا انتخابات 2024 میں بی جے پی نے 240 سیٹیں جیتی ہیں اور چندرابابو نائیڈو کی ٹی ڈی پی اور نتیش کمار کی جے ڈی یو نے اپنی اپنی ریاستوں میں بالترتیب 16 اور 12 سیٹیں جیت کر این ڈی اے کو حمایت دی ہے۔ دریں اثناء صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے مرکزی کابینہ کی سفارش کے بعد بدھ کو 17ویں لوک سبھا کو تحلیل کر دیا۔