کولکاتا: اکثریتی تجارتی علاقہ توپسیا میں واقع نوری محمدی جامع مسجد کے خطیب و امام مولانا محمد مشرف حسین کی قیادت میں وقف ترمیمی بل کے خلاف مہم زور و شور سے جاری ہے۔ مسلمان وقف ترمیمی بل کے خلاف اپنی رائے کا اظہار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس موقع پر خطیب و امام مولانا محمد مشرف حسین نے کہا کہ وقف ترمیمی بل کے خلاف لوگوں کو اپنی رائے کا اظہار کرنا چاہیے تاکہ ہماری آواز حکومت تک واضح طور پر پہنچ سکے۔ اور حکومت کو معلوم چل سکے کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو وقف معاملے میں مداخلت کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے آبا و اجداد نے مسلمانوں کی فلاح وبہبود کے لیے جو املاک وقف کرکے گئے ہیں اس پر صرف اور صرف عام مسلمانوں کا ہی حق ہے۔ اس پر کسی کو قبضہ جمانے کا کوئی حق نہیں ہے۔
مولانا قمر الدین مصباحی نے کہا کہ مسلمانوں کو کثیر تعداد میں وقف ترمیمی بل کے خلاف اپنی رائے کا اظہار کرنا چاہیے۔ مسلمانوں کو وقف املاک کو بچانے کے لیے اس مہم کا حصہ بننا چاہیے۔ وفف املاک کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انور نام کے ایک مقامی شخص کا کہنا ہے کہ وقف ترمیمی بل کسی بھی قیمت پر قبول نہیں ہے۔ مسلمانوں نے اس سلسلے میں اپنی رائے کا اظہار کرکے مرکزی حکومت اور اس سے متعلقہ کمیٹی کو بڑی تعداد میں جواب دینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: