گودھرا: بلقیس بانو کیس کے تمام 11 مجرموں نے سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی ڈیڈ لائن کو مدنظر رکھتے ہوئے گجرات کے پنچ محل ضلع کی گودھرا سب جیل میں اتوار کی رات دیر گئے خودسپردگی کی۔ مقامی کرائم برانچ کے انسپکٹر این ایل دیسائی نے کہا کہ، "تمام 11 مجرموں نے اتوار کی رات جیل حکام کے سامنے خودسپردگی کر دی ہے۔ وہ 21 جنوری کی آدھی رات سے پہلے جیل پہنچ گئے، جو ان کے لیے خود سپردگی کی آخری تاریخ تھی۔"
سپریم کورٹ نے 8 جنوری کو گجرات حکومت کی طرف سے ہائی پروفائل کیس میں 11 قصورواروں کو دی گئی معافی کو منسوخ کر دیا تھا جبکہ ریاست کو ایک ملزم کے ساتھ "سانٹھ گانٹھ" کرنے اور اپنی صوابدید کا غلط استعمال کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ان مجرموں کو 2022 میں یوم آزادی پر قبل از وقت رہا کیا گیا تھا۔ مجرموں کی رہائی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے ان مجرموں کو دو ہفتوں کے اندر جیل جانے کا حکم دیا تھا۔
عدالت عظمیٰ نے جمعہ (19 جنوری) کے روز مجرموں کی خودسپردگی کے لیے مزید وقت دینے کی درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا اور انہیں 22 جنوری تک سپریم کورٹ کے گزشتہ حکم کے مطابق خود سپردگی کا حکم دیا۔ 11 مجرموں میں بکا بھائی ووہنیا، بپن چندر جوشی، کیسر بھائی ووہنیا، گووند نائی، جسونت نائی، متیش بھٹ، پردیپ موردھیا، رادھے شیام شاہ، راجو بھائی سونی، رمیش چندنا اور شیلیش بھٹ شامل ہیں۔
فروری 2002 میں گودھرا ٹرین سانحہ کے بعد پھوٹنے والے فرقہ وارانہ فسادات کے دوران بلقیس بانو کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی تھی۔ بلقیس بانو کی تین سالہ بیٹی سمیت ان کے اہل خانہ کو فسادیوں نے قتل کر دیا تھا۔ بلقیس بانو عصمت ریزی کے 11 مجرموں نے 14 سال جیل میں گزارے ہیں۔ 15 اگست 2022 کو حکومت گجرات نے اپنی 1992 کی پالیسی کے مطابق ان کی معافی کی درخواستیں قبول کرنے کے بعد، ان کے 'اچھے طرز عمل' کا حوالہ دیتے ہوئے قید سے قبل از وقت رہائی دے دی تھی۔ یہ 11 پنچ محل کے قریب داہود ضلع کے سنگواڈ تعلقہ کے سنگ واڑ اور رندھیک پور گاؤں کے رہنے والے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلقیس بانو پر فیصلے سے بی جے پی کی خواتین مخالف سوچ بے نقاب، راہول پرینکا
معافی کے حکم کو منسوخ کرتے ہوئے، سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ گجرات حکومت کے پاس مجرموں کو قبل از وقت رہائی دینے کے دائرہ اختیار نہیں ہے کیونکہ اس مقدمے کی سماعت مہاراشٹر میں ہوئی تھی۔ عدالت عظمیٰ کے حکم کے چند دن بعد، مجرموں نے صحت کی خرابی، آنے والی سرجری، بیٹے کی شادی اور پکی فصلوں کی کٹائی جیسی مختلف بنیادوں پر خودسپردگی کے لیے مزید وقت مانگتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ان درخواستوں کو عدالت عظمیٰ نے جمعہ کے روز اس مشاہدے کے ساتھ خارج کر دیا کہ جن وجوہات کا حوالہ دیا گیا ہے ان کا کوئی جواز نہیں ہے۔