دھول پور: کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا آج راجستھان میں داخل ہوگئی۔ یاترا کے راجستھان پہنچنے کے بعد اترپردیش کانگریس نے دھول پور کے بوتھرا مانیاں گاؤں میں یاترا کا جھنڈا راجستھان کانگریس کو سونپا۔ ریاستی کانگریس صدر گووند سنگھ دوٹاسرا نے یاترا کا جھنڈا وصول کیا۔
اس دوران کانگریس جنرل سکریٹریز پرینکا گاندھی اور جے رام رمیش، سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ، راجستھان کے انچارج سکھجندر سنگھ رندھاوا، اپوزیشن لیڈر تکارام جولی، پارٹی کے اراکین اسمبلی اور بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان موجود تھے۔
اس دوران جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ملک میں الگ الگ طرح کی ناانصافیاں ہو رہی ہیں، اس لیے اس یاترا کو انصاف سے جوڑا گیا ہے کیونکہ آج ملک میں فائدہ صرف چالیس فیصد لوگوں کو ہی ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو نیائے یاترا کی شروعات منی پور سے ہوئی اور مختلف ریاستوں سے ہوتی ہوئی اترپردیش کے آگرہ سے راجستھان پہنچی ہے اور اس کے بعد راجستھان سے ہوتی ہوئی مدھیہ پردیش اور گجرات اور پھر مہاراشٹر پہنچے گی۔
جلسہ عام کو پرینکا گاندھی، گہلوت، پائلٹ، دوٹاسارا، جولی نے بھی خطاب کیا۔ اس کے بعد راہل گاندھی اور پرینکا دونوں دہلی کے لئے روانہ ہوگئے۔ یکم مارچ تک یاترا میں وقفہ ہوگا اور 2 مارچ کو دھول پور سے یاترا دوبارہ شروع ہوگی۔
مودی دوستوں کے ہیں کسانوں کے نہیں:
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دوستوں کے لیے سب کچھ کر سکتے ہیں لیکن کسانوں کی بھلائی کے لیے کوئی قدم اٹھانے کو تیار نہیں ہیں۔
راہل گاندھی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'کیا مودی دوستوں کا قرض معاف کر دیا گیا، ہاں؟ کیا مودی دوستوں کو کارپوریٹ ٹیکس میں چھوٹ ملی، ہاں؟ کیا مودی کے دوستوں کو سستی زمینیں دی گئیں؟ ہاں۔ انہوں نے کہا کہ مودی اپنے دوستوں کے مفاد میں ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں لیکن انہیں کسانوں کی کوئی فکر نہیں ہے اور کسانوں سے کئے گئے وعدے پورے نہیں ہوئے ہیں۔
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ 'لیکن کیا کسانوں کی آمدنی دوگنی ہو گئی ہے؟نہیں۔ کیا کسانوں کے قرضے معاف کر دیے گئے؟ چند ایک کے درمیان ہندوستان کے وسائل کو ضائع کرنے کی 'متر پالیسی' مودی کی ان لوگوں کے ساتھ دھوکہ ہے جنہوں نے ہندوستان بنایا۔
یہ بھی پڑھیں:
- بی جے پی ہٹاؤ، دیش بچاؤ: اکھلیش اور راہل کا ریلی سے مشترکہ خطاب
- ملک میں نفرت کے ماحول کو محبت میں بدلیں گے:راہل
کسانوں کے مفادات کے لیے کانگریس کی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ "کانگریس ہر کسان، ہر مزدور اور آخری صف میں کھڑے غریبوں کے لیے منصفانہ پالیسیاں بنانے کے لیے پابند عہد ہے۔" (یو این آئی)