ناسک: مہاراشٹر کے ضلع ناسک میں سکھوئی 30 ایم کے آئی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ جبکہ اس خوفناک حادثے کے دوران دونوں پائلٹ نے خود کو باہر نکالنے میں کامیاب رہیں۔ فضائیہ کے ذرائع کے مطابق دونوں پائلٹس محفوظ ہیں۔ اس معاملے میں ملی تفصیلات کے مطابق فضائیہ کا طیارہ ناسک ضلع کے سرساگاؤں میں ایک کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا۔ جس کی تصویریں بھی منظر عام پر آگئی ہیں۔ جس میں صاف طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈبل انجن والا طیارہ آگ کی لپیٹ میں آنے کے بعد گر کر تباہ ہوگیا، اس سے دھواں نکلتا ہوا دیکھائی دے رہا ہے۔ جبکہ اس حادثے کی خبر ملتے ہی اطراف کے گاؤں والے جائے حادثے پر پہنچ گئے اور اس کی اطلاع فورا پولیس کو دی۔
واضح رہے کہ فضائیہ کا لڑاکا طیارہ سکھوئی 30 ناسک اوزر سے اڑان بھری تھی، اس وقت اس کی آزمائشی پرواز کی جارہی تھی۔ جبکہ حال ہی میں ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ نے اس طیارے میں مرمت کا کام کیا تھا۔ جس کی وجہ سے یہ طیارہ فضائیہ کی فہرست میں شامل نہیں تھا۔ اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے ساتھ ساتھ ایمرجنسی سروسز کے عملہ فورا موقع پر پہنچ گئے اور پائلٹس کو قریبی اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ جبکہ اس حادثے میں دونوں پائلٹس کو معمولی چوٹیں آئیں۔
سکھوئی طیارے کی بات کی جائے تو یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب سکھوئی گر کر تباہ ہوا۔ ہندوستانی فضائیہ کے کئی سکواڈرن میں 200 سے زائد سکھوئی طیارے ہیں۔ سکھوئی لڑاکا طیارہ ایک جڑواں انجن، دو سیٹوں، چوتھی نسل کا لڑاکا طیارہ ہے جسے روس نے تیار کیا ہے۔ جبکہ یہ طیارہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کے لائسنس کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ ملی معلومات کے مطابق یہ طیارہ 20 سال سے زیادہ عرصے سے فضائیہ میں کام کر رہا ہے۔