کار میں دو افراد زندہ جل گئے، لوگ ویڈیو بناتے رہے - شکتی موہن اوستھی ایڈیشنل ڈی سی پی
Published : Nov 29, 2023, 12:40 PM IST
نوئیڈا:ریاست اتر پردیش کے نوئیڈا میں ایک بہت ہی دردناک واقعہ پیش آیا ہے۔ سیکٹر 119 میں واقع امرپالی پلاٹینم سوسائٹی کے باہر کار میں آگ لگنے سے دو افراد کار کے اندر زندہ جل گئے۔ اطلاع پر سیکٹر 113 کوتوالی پولیس کی ٹیم نے پہنچ کر فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ پر قابو پالیا۔ کار سے دو افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ فرانزک ٹیم کو بلایا گیا ہے۔ تحقیقات کے بعد ضروری کارروائی کی جا رہی ہے۔ کار سمیت متوفی کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ گاڑی کی نمبر پلیٹ خراب ہونے کی وجہ سے شناخت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ معلومات کے مطابق صبح تقریباً 6 بجے امرپالی پلاٹینم سوسائٹی کے باہر سڑک کے کنارے کھڑی کار میں آگ لگنے کے بعد وہ خود بخود ( آٹو میٹک ) لاک ہو گئی۔ گاڑی میں بیٹھے لوگوں نے باہر نکلنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہو سکے۔ گاڑی میں بیٹھے لوگ پرامید تھے کہ کوئی باہر سے گیٹ توڑ کر باہر نکال لیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا اور وہ اسی حسرت کے ساتھ دنیا سے کوچ کر گئے۔ آج کے معاشرے کی بے حسی دیکھیے کہ مدد کرنے کے بجائے حادثہ کے بعد وہاں کھڑے بہت سے لوگوں نے ویڈیو بنانا شروع کر دی اور بعض نے پولیس کو اطلاع دی۔ لیکن جب تک آگ بجھائی جاتی تب تک دونوں افراد کی گاڑی کے اندر ہی تڑپ تڑپ کر موت ہو چکی تھی۔ ایسے میں اگر وہاں تماشا دیکھ رہے لوگ شروع میں ہی کوشش کرتے تو شاید تصویر کچھ اور ہوتی۔ بروقت مدد ملنے سے ان کی جان بچائی جا سکتی تھی۔ اس سے بڑی بے حسی اور کیا ہوگی کہ دو افراد گاڑی کے اندر چھٹپٹا رہے ہیں اور لوگ تماشائی بنے ان کی بے بسی اور موت کی ویڈیو بنا رہے ہیں۔ لوگ حادثہ میں بھی انجوائے تلاش کر رہے ہیں۔ موقع پر پہنچ کر پولیس ٹیم نے ان لوگوں کو ڈانٹ کر بھگا دیا جو ویڈیو بنا کر تماشا دیکھ رہے تھے۔ آگ بجھانے کے بعد گیٹ توڑ کر دو افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جو کچھ دیر قبل تک زندہ تھے۔