پٹنہ: وزیر صحت تیجسوی یادو نے نالندہ میڈیکل کالج اسپتال (این ایم سی ایچ) میں اچانک معائنہ کے دوران سامنے آئے بدانتظامی سے ناراض ہوکر اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ونود کمار سنگھ کو گزشتہ روز معطل کردیا، اس کے بعد سے وزیر اور ڈاکٹروں کے درمیان تنازعہ شروع ہوگیا ہے۔ Tension between Bihar Health Minister and IMA
انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) بہار کے ڈاکٹروں کی تنظیم نے اس فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ درست نہیں ہے۔ تیجسوی نے ڈاکٹروں کو مشورہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ جہاں جانا چاہتے ہیں جائیں، لیکن فیصلہ نہیں بدلے گا۔
دراصل یہ معاملہ جمعرات کے روز کا ہے، جب نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت تیجسوی یادو NMCH کا اچانک معائنہ کرنے پہنچے تھے، معائنہ کے دوران ہسپتال میں کئی خامیاں پائی گئی تھیں۔ اس کے علاوہ مریضوں کی جانب سے کئی طرح کی شکایات بھی سامنے آئی تھی۔ ان تمام شکایات کے بعد وزیر صحت نے NMCH سپرنٹنڈنٹ ونود سنگھ کو معطل کر دیا تھا۔
ریاست کے وزیر صحت تیجسوی یادو نے ایک بیان میں کہا کہ NMCH کے سپرنٹنڈنٹ کو یہ بھی معلوم نہیں ہے کہ ڈینگو وارڈ کہاں ہے۔ اس لیے معطلی کی کارروائی کی گئی ہے۔ وہیں ڈاکٹر کی معطلی واپس نہیں لی گئی تو احتجاج کی انتباہ پر، تیجسوی نے کہا کہ غلط کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ریاست میں برسوں سے 705 ڈاکٹر لاپتہ ہیں، پھر آئی ایم اے کیوں خاموش ہے؟