کورونا انفیکشن کو روکنے کے لیے کون سا ماسک بہتر ہے، اس پر بحث جاری ہے اور ماہرین اس موضوع کے حوالے سے کافی مختلف رائے رکھتے ہیں۔ اگرچہ ہم میں سے بیشتر نے صرف کپڑے کے ماسک کا استعمال شروع کیا ہے، لیکن ایک حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سرجیکل ماسک کورونا انفیکشن کو روکنے میں زیادہ مؤثر و معاون ہیں۔ آئیے اس کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرتے ہیں۔
مطالعہ کے مطابق کپڑے سے بنے ماسک کے بجائے بڑے پیمانے پر سرجیکل ماسک کا استعمال کرنا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرسکتا ہے، امریکہ کی یلے یونیورسٹی کے محققین نے بنگلہ دیش کے 600 گاؤں میں 3لاکھ 40 ہزار سے زیادہ بالغوں پر ایک تحقیق کی۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اس تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ ماسک پہننا علامتی کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے میں نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے۔
یلے کے ایک ماہر معاشیات جیسن ابالک کا کہنا تھا کہ ' میرے خیال سے اس تحقیق نے اس بنیادی طور پر کسی سائنسی موضوع پر ہونے والی بحث کو ختم کردیا کہ کیا ماسک کووڈ کا مقابلہ کرنے میں کارآمد ثابت ہوسکتا ہے'۔
ابالک نے مطالعے کو ماسک کے خلاف دیئے جانے والے دلائل کو ' تابوت کی آخری کیل' قرار دیا ہے۔ ماسک پہننے والوں نے سیمپٹومیٹک کووڈ 19 میں 9.3 فیصد کی کمی دیکھی ہے۔ تاہم، ٹیم نے اس بات پر زور دیا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ماسک صرف 9.3 فیصد موثر تھے۔