نوئیڈا: نوئیڈا میں جمعہ کے روز صرف 24 گھنٹوں میں کورونا کے 36 نئے مریض سامنے آئے، جس نے محکمہ صحت کی تشویش میں اضافہ کردیا ہے، اس کے ساتھ ہی ایکٹیو کیسز کی تعداد 84 ہو گئی ہے۔ جبکہ 8 مریض صحتیاب ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں۔ معاملے میں اضافے کو دیکھتے ہوئے سی ایم او نے نمونے کی ٹیسٹنگ اور ٹریسنگ بڑھانے کی ہدایات دی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ صحت نے ہیلپ لائن نمبر 18004192211 بھی جاری کیا ہے۔
کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر چار L-1 اور چار L-2 سطح کے ہسپتالوں کو الرٹ موڈ پر رکھا گیا ہے۔ تاہم کورونا کے جو مریض سامنے آرہے ہیں ان کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سنیل کمار شرما نے کہا کہ سیکٹر 39 میں واقع ڈسٹرکٹ ہسپتال (پرانا کوویڈ ہسپتال) کی تیسری منزل پر ایک کوویڈ وارڈ بھی تیار کیا گیا ہے۔ ضلع میں 17 آکسیجن پلانٹس کام کر رہے ہیں۔ ان میں سے 11 سرکاری اور 6 پرائیویٹ پلانٹس ہیں۔ محکمہ کے پاس بڑی تعداد میں 10 لیٹر کی آکسیجن کنسنٹیٹر بھی دستیاب ہے۔