حیدرآباد: ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ طویل مدت تک انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ کرنے سے نہ صرف آپ کو وزن کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے، بلکہ کووڈ کی وجہ سے دل سے متعلق پیچیدگیوں سے لڑنے میں بھی مدد مل سکتی ہے، یہاں تک کہ انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ ان مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند ہوتا ہے جو کووڈ اور دل کے مسائل سے دو چار ہیں۔
کیا ہے انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ
انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ کھانا کھانے کا ایک بہترین پیٹرن ہے، جس میں انسان 12 سے 16 گھنٹے تک بغیر کھانا کھائے رہتا ہے اور کھانا کھانے کا وقت صرف 6 یا 8 گھنٹے کا ہی ہوتا ہے۔ اس مضمون کے ذریعے ہم آپ کو ایک آسان انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ ڈائیٹ پلان بتا رہے ہیں، جسے اپنا کر کوئی بھی انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ ڈائٹ کی شروعات کر سکتا ہے۔ اس فاسٹنگ ڈائٹ پلان کے ذریعے آپ اپنا وزن بھی ضرورت کے مطابق کم کرسکتے ہیں۔
آپ فاسٹنگ میں کیا کھا سکتے ہیں۔
جب آپ روزہ رکھتے ہیں تو آپ کو 16 گھنٹے بغیر کھائے پئے رہنا ہوتا ہے۔ تاہم اس میں بغیر کسی میٹھے کے صرف سادہ پانی، کیمومائل چائے، گلاب کی چائے، ادرک کی چائے، کالی چائے وغیرہ پینے کی اجازت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ آپ تازہ سبزیوں کا جوس بھی پی سکتے ہیں۔ آپ کو ان 16 گھنٹوں کے دوران کسی بھی قسم کے ناشتے، سبزیاں اور پھلوں کو کھانے کی اجازت نہیں ہوتی ہے۔
انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ کی شروعاتی گائڈ لائن کیا ہے
انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ کی شروعاتی گائڈ لائن میں لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ آپ اپنے آخری کھانے سے 12 گھنٹے تک روزہ رکھنے کی نیت کریں اور اسے 14 گھنٹے تک برقرار رکھنے کی کوشش کریں۔ پھر اسے 16 گھنٹے تک لے کر جائیں۔ آپ آہستہ آہستہ اپنے فاسٹنگ کے اوقات میں مرحلہ وار بڑھائیں اور اس دوران سر درد سے بچنے کے لیے زیادہ پانی پئیں، تاکہ آپ خود کو ہائیڈریٹ رکھ سکیں۔
انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ کتنی بار کرنی چاہئے
ایک تحقیق کے مطابق اس کو آپ 30 دن تک مسلسل کر سکتے ہیں۔ اگر آپ وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو آپ اسے 60 دن تک کر سکتے ہیں اور جو لوگ وزن برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں یا لمبی عمر اور بہتر صحت کے لیے کرنا چاہتے ہیں تو وہ ہفتے میں 2 دن کر سکتے ہیں۔
انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ کے فوائد
تحقیق کے مطابق انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے اور بڑھتی عمر کی علامات میں بھی کمی آتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ دل کی صحت، دماغی افعال کو بہتر بنانے میں مددگار ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ جسم میں سوزش کو کم کرتا ہے اور انسولین لیول کو بہتر بنانے کا کام کرتا ہے جس سے خون میں شوگر کی سطح کنٹرول میں رہتی ہے۔ یہ ذیابیطس اور صحت سے متعلق بہت سے مسائل کو روکنے میں مددگار ہے۔