مغربی بنگال میں ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 میں اب ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے۔ سیاسی جماعتیں اسمبلی انتخابات میں اپنی موجودگی کا احساس دلانے اور ووٹرز کو اپنی طرف راغب کرنے کی ہر ممکن کوشش میں مصروف ہیں۔
اسمبلی انتخابات 2021 کی تاریخ جوں جوں قریب آ رہی ہے توں توں عام لوگوں میں بھی دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے۔ عام ووٹرز بھی اس ضمن میں کھل کر باتیں کرنے لگے ہیں اور سرعام اپنی پسند اور ناپسند کا اظہار کرنے سے ذرا بھی گریز نہیں کرتے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے لیڈیز پارک اور پودوں پوکھر علاقے کا دورہ کیا اور عام لوگوں سے ملاقات کرکے ان کی رائے جاننے کی کوشش کی۔
ای ٹی وی بھارت سے اپنی پسند کا اظہار کرتے ہوئے عام لوگوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات عوام اور ریاست دونوں کے لئے اہم ہے۔ فیصلہ کن معرکے میں ہم جو چاہیں گے وہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال ملک کی واحد ریاست ہے جہاں تمام مذاہب کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں اور سیکولرازم کو ترجیح دیتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ باتیں بیرونی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سمجھ میں نہیں آئیں گی۔ کیونکہ انہوں نے ایسا ماحول دیکھا ہی نہیں ہے تو انہیں سیکولرازم کے بارے میں کیا پتہ چلے گا۔