مغربی بنگال میں گزشتہ دو ماہ سے جاری لاک ڈاؤن کا مثبت پہلو نظر آنے لگا ہے۔ یومیہ کیسز اور شرح اموات دونوں میں کمی آنے کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کرکے لوگوں کو راحت دی گئی ہے۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر کی رفتار سست پڑنے کے سبب کورونا وائرس کے یومیہ کیسز اور شرح اموات دونوں میں ریکارڈ کمی آنے کے بعد مغربی بنگال میں حالات معمول پر آنے لگے ہیں۔
ریاستی وزیر اور خلافت کمیٹی کے نومنتخب صدر جاوید احمد خان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر لوگوں سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے نماز ادا کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر پر ابھی ابھی بریک لگا ہے، لیکن اس کا خطرہ ٹلا نہیں ہے۔ اسلیے کورونا گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
ریاستی وزیر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے بعد تیسری لہر سے نمٹنے کے چیلنجز درپیش ہیں۔ یہ لہر بھی خطرناک ہے اور اس سے بچنے کے لئے کورونا گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس مرتبہ بھی عید الاضحٰی کی نماز کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے، تاکہ ہم اور ہماری فیملی اس وباء سے پوری طرح سے محفوظ رہے۔