شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف تحریک کا دائرہ ملک بھر میں پھیل گیاہے۔ مغربی بنگال کے بانکوڑ ہ ضلع کے دورے پر پہنچے بی جے پی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمان دلیپ گھوش نے کہا کہ وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی ملک کے آئین و دستور کے ساتھ غداری کررہی ہیں ۔ اس لیے انہیں وزیر اعلیٰ بننے کا حق نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ ممتا بنرجی ملک کے قان، آئین اور پارلیمنٹ کے وقار کو پامال کررہی ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ممتا بنرجی ملک کی سالمیت کے خلاف ہیں اور وہ بنگال کو ملک کا حصہ نہیں سمجھتی ہے۔وہ اپنے آپ کو بنگال کا وزیرا عظم سمجھتی ہیں۔
'بی جے پی کے رکن پارلیمان نے ممتاکو ملک کاغدار بتایا' گھوش نے کہا کہ شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کرنے والے پاکستان کے بیانیہ کی حمایت کررہے ہیں اور یہ لوگ ملک مخالف ہیں۔
ریاستی بھارتیہ جنتاپارٹی کے صدر نے اس سے پہلے بھی ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتابنرجی کے خلاف زہراگلا ہے۔
بی جے پی کے رکن پارلیمان دلیپ گھوش نے گزشتہ روز شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو لنگی دہشت گردقراردیا ہے۔ انہوں نے کہاتھاکہ مغربی بنگال میں لنگی پہننے والے لوگ دہشت گردی پر اتر آئے ہیں۔
دہشت گرد ذہنیت کے لوگوں کے سامنے ممتابنرجی کی قیادت والی ریاستی حکومت بے بس ہوگئی جس کی وجہ سے ریلوے سمیت دیگر سرکاری املاک کو نقصان پہنچاجارہاہے۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں شہریت ترمیمی ایکٹ منظور ہونے کےبعد ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح مغربی بنگال میں احتجاج کاسلسلہ جاری ہے۔
ریاست کے مختلف اضلاع میں احتجاج کے دوران لوگوں نے ریلوے سمیت دیگر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔
مسلسل احتجاج کے سبب مشرقی ریلوے نے ہوڑہ اور سیالدہ سے روانہ ہونےو الی متعدد ٹرینوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔مسافروں کو سیالدہ اور ہوڑہ اسٹیشن پرقیام کرنا پڑرہاہے۔