متنازع بیانات کیلئے مشہور مغربی بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش کا ایک اور متنازع عمل سامنے آیا ہے کہ دودن قبل جب وہ ندیا ضلع میں ایک ریلی سے خطاب کررہے تھے کہ تو انہوں نے یہ کہتے ہوئے ایمبولنس کو گزرنے نہیں دیا کہ ریلی میں رخنہ ڈالنے کیلئے ترنمول کانگریس ایمبولنس کا سہارا لے رہی ہے۔
خیال رہے کہ سڑک سے ایک ایمبولنس گزررہی تھی مگر دلیپ گھوش نے بی جے پی ورکروں سے کہا کہ وہ راستے سے نہ ہٹیں۔
کیوں کہ یہ ریلی میں رخنہ ڈالنے کیلئے ترنمول کانگریس کی حکمت عملی ہے۔اس کی وجہ سے ایمبولنس کو روڈ کو تبدیل کرنا پڑا۔دلیپ گھوش کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔
اس ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے گھوش سنے جارہے ہیں کہ جب ڈرائیور کو معلوم تھا کہ یہاں ایک ریلی ہورہی ہے تو پھر اس راستے پر ایمبولنس کو کیوں لایا گیا ہے۔اس لیے ایمبولنس کو راستہ نہیں دیا جاسکتا ہے۔کیوں کہ سیکڑوں لوگ روڈ پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ نئے موٹر ویکل قانون کے مطابق سڑک جام کے دوران ایمرجنسی گاڑیوں کو راستہ دینا ہوگا۔ایسا نہیں کرنے پر دس ہزار کا جرمانہ عاید کیا جائے گا۔