کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے منی پور کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ ممتابنرجی نے خود منی پور کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے وہاں جانے کا اعلان کیا ہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے مرکزی حکومت کو خط لکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ ممتابنرجی نے مرکز کو خط لکھ کر منی پور جانے کی اجازت دینے کی درخواست کی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے پہلے ہی منی پور جا چکے ہیں۔ اب ممتابنرجی نے وہاں جانے کی خواہش ظاہر کی۔ترنمنول کانگریس کی سربراہ نے منی پور کی موجودہ صورتحال کے لئے بار بار بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
انہوں نے کہاکہ منی پور میں آج جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس کے لیے ایک سیاسی جماعت ذمہ دار ہے۔مرکزی حکومت پر منی پور کے حالات پر قابو پانے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ پیر کو منی پور پہنچے۔ انہوں نے اس رات منی پور کے وزیر اعلی این بیرن سنگھ اور ریاست کی گورننگ کونسل کے ساتھ میٹنگ کی۔اس سے کیا وہاں کی حالت میں بہتری آ سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ منی پور کی موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے مقامی باشندوں کے ساتھ بات چیت کرنی ہوگی۔مقامی باشندوں سے بات چیت کئے بغیر وہاں کے مسائل حل نہیں کئے جا سکتے ہیں۔