مالدہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعرات کو نئی دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے پہلوانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیوں کی عزت کو اس طرح سے ٹھیس پہنچانا انتہائی شرمناک ہے۔ محترمہ بنرجی نے کہاکہ ہندوستان اپنی بیٹیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور میں بطور انسان یقینی طور پر اپنے پہلوانوں کے ساتھ کھڑی ہوں۔ قانون سب کے لئے ایک ہے۔ حکمران کا قانون ان جنگجوؤں کے وقار پر قبضہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ آپ ان پر حملہ کر سکتے ہیں، لیکن ان کے حوصلے کو توڑ نہیں سکتے۔ لڑائی درست ہے اور لڑائی جاری رہے گی۔ ہمارے پہلوانوں کو تکلیف دینے کی ہمت نہ کرو، ملک ان کے آنسو دیکھ رہا ہے اور ملک آپ کو معاف نہیں کرے گا۔
پہلوانوں کو مضبوط رہنے کی تلقین کرتے ہوئے، انہوں نے کہاکہ میں اپنی تمام طاقت ان کے ساتھ بانٹتی ہوں۔ قابل ذکر ہے کہ احتجاج کرنے والے پہلوانوں نے دہلی پولیس پر جنتر منتر پر ان کے ساتھ بدسلوکی اور مارپیٹ کا الزام لگایا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے ٹویٹ کیاکہ ہمارے کھلاڑی ہمارے ملک کا فخر ہیں۔ وہ چیمپئن ہیں۔ ہم سب کو احتجاج کرنے والے پہلوانوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔