کولکاتا: مغربی بنگال میں آج امتحان کے دو ماہ بعد پرائمری اساتذہ کی تقرری کے لئے ہونے والے ٹی ای ٹی (ٹیٹ ) امتحان کے نتائج شائع کر دیے گئے۔ اس کو لے کر امیدواروں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ مغربی بنگال پرائمری ایجوکیشن بورڈ کے صدر گوتم پال نے جمعہ کو پریس کانفرنس کو خطاب کر تے ہوئے پرائمری ٹی ای ٹی کے نتائج کا اعلان کیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اتنے کم وقت میں ٹیٹ امتحان کے نتائج شائع ہوئے ہیں۔ بورڈ کے صدر گوتم پال نے دعویٰ کیا کہ ٹی ای ٹی کا نتیجہ مکمل شفافیت کو برقرار رکھتے ہوئے شائع کیا گیا ہے۔
نتائج کے اعلان سے پہلے تمام باتوں پر خصوصی توجہ دی گئی تھی۔انہوں نے کہاکہ بورڈ نے اپنی طرف سے شفافیت برقرار رکھنے کی کوشش کیا ہے۔ واضح رہے کہ بورڈ نے پہلے ہی مطلع کیا تھا کہ اس سال ٹی ای ٹی امتحان میں شفافیت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ امتحان کے دوران ہی امیدواروں کو جوابی پرچہ کی کاپی فراہم کی گئی تھی۔تاکہ کسی کو کسی بھی طرح کی کوئی شکایت نہ ہو۔اس کا پورا پورا خیال رکھا گیا ہے۔ امیدواروں کو جوابات کو چیلنج کرنے کا موقع بھی دیا گیا۔ امیدواروں کی طرف سے چیلنج کئے گئے ۔بورڈ نے کچھ غلطیوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔