چیف الیکٹرل افسر نے کہا کہ کلیانی کے غیاس پور میں پر تشدد واقعات رونما ہوئے جس پر مرکزی فورسز اور پولس نے جلد ہی قابو پالیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پانچویں مرحلے کے متعلق دعویٰ کیا کہ چند پر تشدد واقعات کے علاوہ آج کی پولنگ پر امن رہی۔
پانچویں مرحلے میں چھ اضلاع کے 45 نشستوں پر آج پولنگ ہوئی۔ جس میں جلپائی گوڑی کے 7، شمالی 24 پرگنہ کے 16،بردوان، ندیا، دارجلنگ اور کالمپونگ کے اسمبلی حلقوں میں آج ووٹ ڈالے گئے۔
پر امن پولنگ کے الیکشن کمیشن کے دعوؤں کے درمیان ترنمول کانگریس اور بی جے پی نے ایک دوسرے کے خلاف متعدد شکایتیں درج کرائیں، کل 2241 شکایات درج کرائی گئیں ہیں۔
ندیا ضلع کے شانتی پور میں بم باری کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔کمرہٹی سے بی جے پی کے امیدوار راجو بنرجی پر بھی مبینہ طور پر حملہ ہوا ہے۔ جس کے بعد کمرہٹی اسمبلی حلقہ میں کافی دیر تک ہنگامہ بھی ہوا۔
بارانگر بی جے پی امیدوار پورنا مترا نے الزام لگایا کہ ان کی گاڑی کا گھیراؤ کیا گیا اور احتجاج کیا گیا۔ دے گنگا میں مرکزی فورسز کی جانب سے فائرنگ کیے جانے کی بھی بات سامنے آئی ہے۔
گرچہ الیکشن کمیشن نے اسے مسترد کردیا۔ آج صبح بی جے پی کی طرف سے ایک آڈیو ٹیپ کے سلسلے میں بھی شکایت درج کرائی گئی ہے جس میں ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی آواز ہے۔ جسے چیف الیکشن کمشنر کو بھیج دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:
شانتی پور میں بی جے پی پر مقامی ترنمول کانگریس حامیوں کی جانب سے بوتھ پر دخل کرنے کے بھی الزام لگائے گئے ہیں۔ مدھم گرام سے بھی کئی شکایتیں موصول ہوئیں ہیں۔ ترنمول کا الزام ہے کہ یہاں بی جے پی کے کے ورکرزنے بوتھ پر قبضہ کیا اور غنڈہ گردی کی ہے۔