اردو

urdu

ETV Bharat / state

مغربی بنگال: بی جے پی کا انتخابی منشور جاری - امت شاہ

مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا ہے۔

بی جے پی کا انتخابی منشور
بی جے پی کا انتخابی منشور

By

Published : Mar 21, 2021, 10:29 PM IST

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ریاست میں سرکاری ملازمت میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن، تین ایمس اور 70 سال سے مقیم مہاجرین کو شہریت دینے کا وعدہ کیا ہے۔

پارٹی کے 'سنکلپ پتر' میں ریاست میں خواتین کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے بی جے پی نے وعدہ کیا کہ کے جی سے لے کر پوسٹ گریجویشن تک خواتین کو مفت تعلیم دی جائے گی۔

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ 'ہم تمام ریاستی سرکاری ملازمتوں میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کنڈر گارٹن سے گریجویشن تک خواتین کو مفت تعلیم دینے کا منصوبہ بنایا ہے جبکہ سرکاری ملازمت کے لیے اہلیتی امتحانات کی شروعات کی جائے گی۔

بی جے پی کے منشور میں شمالی بنگال، جنگل محل اور سندربن میں تین نئے ایمس کا وعدہ کیا گیا ہے تاکہ ان علاقوں کے لوگوں کو صحت کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لیے کولکاتہ کا سفر نہ کرنا پڑے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ 'ہر سال کسانوں کو حکومت ہند سے 6000 روپے ملتے ہیں لیکن ریاستی حکومت اس میں 4000 روپے شامل کر کے انہیں 10 ہزار روپے دے گی۔

پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا کے تحت 75 لاکھ کسانوں کے بینک کھاتوں میں بغیر کسی رکاوٹ کے منتقل کئے جائیں گے۔

بدعنوانی سے پاک بنگال کے لیے بی جے پی کے انتخابی منشور میں سی ایم او کے تحت انسداد بدعنوانی ہیلپ لائن شروع کرنے کا ذکر کیا گیا ہے تاکہ تمام شہری براہ راست وزیراعلی سے شکایت کرسکیں۔

امت شاہ نے کہا کہ 'ریاست میں اقتدار کے بعد کابینہ کے پہلے ہی اجلاس میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) نافذ کرنے کا فیصلہ لیا جائے گا اور جو مہاجرین 70 برسوں سے یہاں مقیم ہیں انہیں شہریت دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بنگال میں کسی بھی طرح کی دراندازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

امت شاہ کے اس بیان کی بہت اہمیت ہے کیونکہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے متعدد بار کہا ہے کہ وہ ریاست میں سی اے اے اور این آر سی کے نفاذ کی اجازت نہیں دیں گی۔

کولکاتہ کے سالٹ لیک میں ایسٹرن زونل کلچرل سینٹر میں منعقد پروگرام میں مغربی بنگال بی جے پی کے سربراہ دلیپ گھوش، پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیہ، مرکزی وزیر دیباسری چودھری اور پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ نشیت پرمانِک موجود تھے۔

واضح رہے کہ 294 رکنی ریاستی اسمبلی کے انتخابات 8 مرحلوں میں 27 مارچ سے شروع ہوں گے اور ووٹنگ کا آخری مرحلہ 29 اپریل کو ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی 2 مئی کو ہوگی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details