ہاؤڑہ میں ویب سریز تانڈو کے خلاف پرتشدد مظاہرہ - بی جے پی کے حامیوں نے فلم تانڈو کے خلاف احتجاج
ہاؤڑہ ضلع میں بی جے پی کے حامیوں نے فلم تانڈو کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اداکار سیف علی خان اور ڈائریکٹر علی عباس کے پتلے نذر آتش کئے۔
مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سے متصل ضلع ہوڑہ میں بی جے پی یوتھ مورچہ کے حامیوں نے ویب سریز تانڈو کے خلاف پرتشدد مظاہرہ کیا۔
مظاہرے کے دوران بی جے پی یوتھ مورچہ کے حامیوں نے سڑک کی ناکہ بندی کر دی جس سے آمدورفت پوری طرح سے ٹھپ پڑ گئی۔
اس دوران بی جے پی یوتھ مورچہ کے صدر سمیر ساہا نے کہا کہ 'ویب سریز تانڈو کے ڈائریکٹر علی عباس نے ہندو سماج کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویب سریز تانڈو کے ڈائریکٹر علی عباس اور مرکزی کردار نبھانے والے اداکار سیف علی خان کے خلاف سخت ترین کارروائی نہیں کی گئی تو شدید احتجاج کیا جائے گا۔
وہیں مظاہرین کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال میں اگلے سال بی جے پی کی حکومت بنتے ہی ریاست میں ہندؤں کے جذبات سے کھلواڑ کرنے کے سلسلے پر ہمیشہ کے لئے بریک لگ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چند روز قبل ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان کلیان بنرجی نے بھگوان رام اور سیتا کے خلاف قابل اعتراض جملے استعمال کرکے ہمارے جذبات کو ٹھیس پہنچایا ہے۔
مظاہرین نے تانڈو ویب سریز کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر ٹایر جلا کر آمدورفت پوری طرح سے ٹھپ کر دی جس کے بعد پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور مظاہرین کو سڑکوں سے ہٹا کر آمد و رفت دوبارہ بحال کرائی۔