جنوبی24 پرگنہ: مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ کے بھانگوڑ اور کیننگ محکمہ میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران ترنمول کانگریس اور انڈین سیکولر فرنٹ کے حامیوں درمیان جھڑپ میں متقدد افراد زخمی ہو گئے۔جھڑپ کے دوران بموں سے حملہ کرنے کی بھی اطلاع ہے۔
ریاست کے مختلف حصوں میں تشدد کے واقعات رونما ہوئے ہیں ۔ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے مبینہ حامیوں نے اپوزیشن امیدواروں کو پنچایتی انتخابات کے لیے نامزدگی داخل کرنے سے روکنے کی کوشش کی۔بائیں محاذ کے ذرائع نے بتایا کہ شمالی پرگنہ کے ضلع کے میناکھا میں آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنس اسوسی ایشن (AIDWA) کی لیڈر سوما داس چکرورتی اور نوجوان لیڈر رانا رائے پر ٹی ایم سی کے مبینہ حامیوں نے وحشیانہ طریقے سے حملہ کیا۔
کچھ عینی شاہدین نے بتایا کہ مبینہ طور پر ان افراد نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے مقامی میناکھا دفتر کا گھیراؤ کیا اور دونوں رہنماؤں کو لاٹھیوں اور بانس کے ڈنڈوں سے مارا پیٹا۔چکرورتی کے سر پر چوٹ آئی جبکہ رائے کا بازو مبینہ طور پر شرپسندوں کے تشدد میں فریکچر ہو گیا۔ سی پی آئی (ایم) کے چند دیگر کارکن بھی زخمی ہوئے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بائیں بازو کے کارکن دفتر میں جمع تھے اور پنچایت انتخابات کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔
8 جولائی کو ہونے والے پنچایتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ریاستی الیکشن کمشنر راجیو سنہا نے 8 جون کو کیا تھا۔ اگلے دن سے اپوزیشن کارکنوں اور لیڈروں کو کئی علاقوں میں مبینہ ٹی ایم سی کارکنوں کے حملوں کا سامنا ہے۔ اس کے باوجود بائیں بازو کے کارکن پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران مختلف اضلاع میں حملے کا مقابلہ کر رہے ہیں۔