کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں ہونے والی صدیوں پرانی درگا پوجا نہ صرف ریاست بلکہ پوری دنیا میں مشہور ہے اور اس کی ایک منفرد شناخت ہے۔ اسی درمیان درگا پوجا کو ورلڈ ہیریٹیج قرار دیے جانے کے بعد یونیسکو کی ٹیم یکم ستمبر کو پہلی مرتبہ مغربی بنگال کے دورے پر آئے گی۔ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں درگا پوجا کا اہتمام کیا جائے گا۔ بھارت، بھوٹان، مالدیپ اور سری لنکا میں یونیسکو کے ڈائیریکٹر اریک فالٹ کے مطابق یونیسکو کی ٹیم بہت جلد مغربی بنگال کے دورے پر آنے والی ہے۔
اریک فالٹ نے کہا کہ یونیسکو کی ٹیم کا دورہ مغربی بنگال یکم ستمبر کو متوقع ہے۔ ہمارے لیے مغربی بنگال کا دورہ تاریخی ثابت ہو سکتا ہے۔ یونیسکو اور مغربی بنگال کے درمیان گہرا اور تاریخی تعلق ہے۔ اریک فالٹ نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ یونیسکو کی ٹیم کا دورہ مغربی بنگال کا اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے کیونکہ ہم ورلڈ ہیریٹیج درگا پوجا کے جشن کا حصہ بنیں گے۔