کولکاتا:ابھیشیک بنرجی نے گزشتہ روز کو کلکتہ ہائی کورٹ کے جسٹس ابھیجیت گنگوپادھیائے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری نے زیر التوا معاملے پر عدالت کے باہر جج کے مختلف تبصروں کی مخالفت کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیر اعلیٰ ممتا نے جمعرات کو نوبنو میں پریس کانفرنس کی۔ ان سے جسٹس گنگوپادھیائے کا نام لیے بغیر سوال کیا گیاکہ ہائی کورٹ کے ایک جج عدالت کے باہر زیر التواء معاملات پر طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔ اس پر آپ کی کیا رائے ۔ممتا بنرجی نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ یہ سارے سوال مجھ سے مت پوچھیں عدلیہ پر تبصرہ نہیں کروں گی۔ میں اپنی حدود جانتی ہوں۔ابھیشیک سپریم کورٹ میں جسٹس گنگوپادھیائے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی ماہر سیاست داں اور منتظم ہیں اس لئے عدالتی نظام پر کوئی تبصرہ کرکے مصیبت مول لینا نہیں چاہتی ہیں تاہم انہوں نے اشاروں میں بات کرکے جسٹس گنگو پادھیائے کو ان کے دائرہ کار کی یاد دہانی کرائی ہے کہ ہرایک شخص کو اپنے لکشمن ریکھا کے دائرہ میں رہ کر ہی کام کرناچاہیے۔