ریاست مغربی بنگال میں شمالی 24 پرگنہ ضلع کے بشیرہاٹ سے ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان اور اداکارہ نصرت جہاں نے لو جہاد پر سیاست کرنے والوں پر کڑی تنقید کی ہے۔ ملک کی بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں لو جہاد کے خلاف سخت قانون بنائے جانے کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ ان ریاستوں میں لو جہاد کو سیاسی رنگ دینے کی وجہ سے پورے ملک میں بحث موضوع بنا ہوا ہے۔ لیکن مغربی بنگال میں اس کو لے ہوائیں مخالف سمت میں بہہ رہی ہیں۔
رکن پارلیمان اور اداکارہ نصرت جہاں نے کہا کہ لو جہاد اور محبت ایک دوسرے کے ہاتھوں کو پکڑ کر دس قدم تک چل نہیں سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محبت محبت ہوتی ہے اور یہ کسی بھی وقت اور کسی کے ساتھ ہو سکتی ہے۔ محبت کوئی گناہ نہیں ہے۔ محبت سماج کے لیے مثبت پیغام ہے۔ اس کو لیکر سیاست کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
نصرت جہاں نے کہا کہ لو جہاد پر تماشہ کھڑا کرنے کی ضرورت کیا ہے؟ گزشتہ ایک ڈیڑھ برس کے دوران لو جہاد کو لیکر کافی سیاست کی جا رہی ہے۔ ترنمول کانگریس کی رہنما کا کہنا ہے کہ جن ریاستوں میں لو جہاد کو لے کر بحث بازی کی جا رہی ہے ان ریاستوں میں ایک بھی لو جہاد کیس ثابت نہیں ہو سکا ہے۔