مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 کے شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست میں سیاسی سرگرمیاں انتہائی عروج پر پہنچ چکی ہیں۔
انتخابی کمیشن کی جانب سے اس مرتبہ اسمبلی انتخابات آٹھ مرحلوں میں کرانے کے اعلان کے بعد سے ہی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں تیاریوں میں مصروف ہو گئی ہیں۔
شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی مغربی بنگال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ طویل ترین اسمبلی انتخابات کرانے کا نیا ریکارڈ بننے والا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ انتخابی کمیشن نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 کو حساس قرار دے دیا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے لئے انتخابی کمیشن نے دو پولیس آبزرور مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ انتخابی کمیشن نے لا اینڈ آرڈر کو مستحکم بنانے کے لئے مرکزی فورسز کی نگرانی کے لئے جوائنٹ اسسٹنٹ تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حالانکہ انتخابی کمیشن کے بنگال میں آٹھ مرحلوں میں اسمبلی انتخابات کے فیصلے پر سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں نے بھی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔