ریاست مغربی بنگال کے اسکولوں میں اساتذہ کی تقرری کرنے والی اسکول سروس کمیشن پر اساتذہ کی تقرری میں بدعنوانی کا معاملہ کلکتہ ہائی کورٹ میں چل رہا ہے۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے معاملے کی جانچ کے لیے سی بی آئی کو ذمہ داری دی ہے اور معاملے کی جانچ جاری ہے، دوسری جانب ریاستی حکومت کے خلاف اسکول سروس کمیشن کے امتحان میں کامیابی کے بعد بھی نوکری نہ ملنے پر ایس ایس سی کے کاماب امیدوار 184 دنوں سے کولکاتا کے دھرمتلہ میں گاندھی مورتی کے پاس دھرنا و احتجاج کررہے ہیں SSC Passed Candidates Protest۔ دھرنے میں کئی ایسے امیدوار ہیں جو روزے کی حالت میں بھی اس شدید گرمی میں شریک ہیں۔ روزے کی حالت میں دھرنا میں شامل ہونے پر کئی روزے دار بیمار بھی پڑ گئے لیکن ان کا دھرنا اب بھی جاری ہے۔ West Bengal SSC Passed Candidates Protest
واضح رہے کہ گذشتہ ایک برس سے زائد عرصہ سے یہ امیدوار احتجاج کر رہے ہیں، حکومت کی طرف سے بار بار وعدہ کرنے کے باوجود بھی تقرری نہیں ہوئی ہے۔ وہیں اسکول سروس کمیشن کی جانب سے ہوئے اساتذہ کی تقرری کی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سینکڑوں ایسے لوگوں کو تقرری دی گئی ہے جنہوں نے اسکول سروس کمیشن کا امتحان بھی نہیں دیا ہے۔ جس کے بعد کلکتہ ہائی کورٹ میں اسکول سروس کمیشن کے خلاف معاملہ دائر کیا گیا۔ کلکتہ ہائی کی سنگل بینچ نے اس معاملے کی سی بی آئی جانچ کا حکم دیا ہے، جس پر ڈویژن بینچ نے روک لگادی تھی۔ جس کے خلاف سنگل بینچ کے جج نے سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا۔