نئی دہلی: مغربی بنگال میں رام نومی جلوس کے دوران ہوئے تشدد کو لے کر سیاسی بیان بازی تیز ہوگئی ہے۔ اب ایک بیان میں مرکزی خواتین اور بہبودی اطفال کی وزیر اسمرتی ایرانی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر نکتہ چینی کی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پر تشدد کرنے والوں کو کلین چٹ دینے کا الزام لگایا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ جمعہ کو ہاوڑہ میں رام نومی کے جلوس کے دوران پتھراؤ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے کارروائی کرنے کے بجائے ملزمین کو کلین چٹ دے دی۔
تاہم مغربی بنگال کی کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ ( سی آئی ڈی) اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اور ان کی طرف سے کسی کو کلین چٹ نہیں دی گئی۔ خواتین اور بہبودی اطفال کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے کہا کہ وزیر اعلی قانون کے خلاف ورزی کرنے والے ملزمین کے ساتھ کھڑی ہیں جنہوں نے رام نومی کے جلوس پر حملہ کیا۔ انہوں نے ممتا بنرجی پر ہندو برادری پر حملہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے ان سے پوچھا کہ وہ کب تک ایسا کرتی رہیں گی۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ممتا بنرجی کے دور میں ہندو برادری پر کئی حملے ہوئے ہیں۔