کولکاتا:مغربی بنگال میں بدعنوانی کے مختلف کیسز کو لے کر مرکزی جانچ ایجنسیاں سرگرم ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے مغربی بنگال کے ریاستی وزیر جیوتی پریہ ملک کو طویل پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کر لیا۔ وزیر جیوتی پریہ ملک سے راشن بدعنوانی کے معاملے میں پوچھ گچھ کی جا رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق مغربی بنگال کے وزیر جنگلات جیوت پریہ ملک کے گھر پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے چھاپہ ماری مہم چلانے کے ایک دن بعد انہیں راشن کی تقسیم میں ہوئی مبینہ بدعنوانی کے معاملے میں میراتھن پوچھ گچھ کے بعد جمعہ کی صبح گرفتار کیا گیا۔
گرفتاری کے بعد وزیر جیوتی پریہ ملک نے کہا کہ وہ بے قصوروار ہیں۔ انہیں جھوٹے الزامات میں پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کو قانون پر پورا بھروسہ ہے اور وہ بہت جلد اس معاملے سے بری ہو جائیں گے۔ جمعہ کی صبح 3:23 بجے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان سے تقریبا بیس گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ ذرائع نے ای ڈی کے حوالے سے بتایا کہ ایجنسی مالک کے تاجر بقی الرحمن سے روابط کی تحقیقات کر رہی ہے، جسے حال ہی میں اس معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ای ڈی کے اہلکاروں نے جمعرات کو جیوتی پریہ ملک کے پرسنل اسسٹنٹ امت دے کے ناگر بازار فلیٹ پر بھی چھاپہ ماری مہم چلائی تھی۔