مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے درمیان جوڑ توڑ کا کھیل بڑے پیمانے پر جاری ہے۔
ریاست کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب اسمبلی انتخابات سے قبل اتنے بڑے پیمانے پر پارٹی بدلنے کا کھیل کھیلا جارہا ہے۔ اس کھیل میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان جوڑ توڑ کا دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ جاری ہے۔ حالانکہ ممتا بنرجی کی قیادت والی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کو اس کھیل میں اب تک پندرہ ارکان اسمبلی اور ایک رکن پارلیمان کو گنوانے کے ساتھ بڑا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔
شھبندو ادھیکاری کے بعد اب راجیب بنرجی نے وزارت سے استعفی دینے کے بعد ترنمول سے بی جے پی میں شامل ہونے والے دوسرے بڑے رہنما ہیں۔
راجیب بنرجی ہوڑہ کے ڈومجور سے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی تھے۔ ہوڑہ کے بالی سے ترنمول کانگریس سے معطل رکن اسمبلی ویشالی ڈالمیا نے امت شاہ سے ملاقات کرنے کے بعد بی جے پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔