محترمہ بنرجی نےضلع ہگلی میں منعقد انتخابی ریلی میں مودی کے دعوے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا 'وہ (مسٹر مودی) عوام کو خریدنے کی کوشش کرکے آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ اے آئی ٹی سی میں عوام ہیں اور وہ اپنے خون کا آخری قطرہ بھی بہانے کو تیار ہیں۔ انھیں پیسے کے دم پر خریدا نہیں جا سکتا۔ وہ بے شرم وزیر اعظم ہیں۔ ان کی امیدواری کو رد کیا جانا چاہیے۔'
انہوں نے کہا کہ 'عوام اپنے قیمتی ووٹ کی بدولت بی جے پی کو دندان شکن جواب دیں گے۔ بی جے پی محض پیسہ لوٹنے اور فساد بھڑکانے کا کام کرتی ہے۔'
اے آئی ٹی سی کی رہنما نے کہا کہ 'مودی کبھی نہیں کہتے کہ انہوں نے ملک کے عوام کے لیے پانچ برسوں میں کیا کیا؟ وہ محض یہاں آتے ہیں اور کہتے ہیں بنگال کو فتح کرنا ہے۔ گذشتہ پانچ برس کے دوران انہوں نے بنگال کے بارے میں کچھ نہیں سوچا اب جبکہ دیگر ریاستوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہ (مودی) یہاں آرہے ہیں۔'
ممتا بنرجی نے کہا کہ 'عوام بھی مودی سے گھبراتے ہیں۔ وہ ایسے پہلے لیڈر ہیں جس نے عوام میں دہشت قائم کر رکھی ہے۔ سچے لیڈر کو عوام پیار کرتے ہیں۔ وہ محکمہ انکم ٹیکس اور انفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے افسران کو عوام کے گھروں پر انہیں ڈرانے کے لیے بھیجتے ہیں۔'