بھارتیہ جنتا پارٹی نے مغربی بنگال پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے کیڈر کی حیثیت سے کام کر رہی ہے۔ قبل ازیں گورنر جگدیپ دھنکر بھی دبے الفاظ میں ریاستی پولیس پر جانبدارانہ رویہ اپنانے کا الزام لگا چکے ہیں۔ گورنر کی جانب سے پولیس انتظامیہ کے خلاف اکثر و بیشتر ٹویٹ سامنے آتا رہتا ہے۔
مغربی بنگال کے شمالی 24پرگنہ ضلع باراسات کے چاندی تلہ دے گنگا پنچایت کے پردھان نے پولیس پر اینٹ فیکٹری کے مالک کو رنگداری ادا کرنے کے لئے پریشان کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ پنچایت پردھان ہمایوں رضا چودھری کا کہنا ہے کہ دے گنگا میں ندی کے کنارے ایک اینٹ بنانے کی بھٹی واقع ہے۔ اس بھٹی میں لوگ ایک عرصہ سے کام کرتے ہیں۔ لیکن گزشتہ چند ہفتوں سے کارخانے کے مالک اور مزدوروں کو پریشان کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کارخانے کے مالک اور مزدوروں سے رابطہ کیا گیا تو انہیں پریشان کرنے کی اصل وجہ سامنے آئی۔