مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 کا پانچواں مرحلہ ختم ہو چکا ہے۔ چھٹویں مرحلے کی تیاریاں زور شور سے جاری ہے۔ اسمبلی انتخابات کے چھٹویں مرحلے میں 22 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں جس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہے۔
حکمراں جماعت ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں چھٹے مرحلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ ووٹرز کی توجہ اپنی اپنی طرف راغب کرنے کی ہر ممکن کوشش میں مصروف ہیں۔
دوسری طرف ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیراعلیٰ ممتا بنرجی تمام مذاہب کو ساتھ لے کر چلتی ہیں اور ہر جلسہ و جلوس میں ان کی باتیں کرتی ہیں جو اپوزیشن پارٹیوں کو ناگوار گزرتی ہے۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے ہر جلسے جلوس میں چنڈی پاٹ کرنا، پہلا کلمہ طیبہ پڑھنا، سکھ اور عیسائی سے متعلق باتیں کرنے پر اپوزیشن کے نشانے پر آگئی ہیں۔
پہلے تو وزیراعظم نریندر مودی، امت شاہ سمیت بی جے پی کے تمام اعلیٰ رہنما ممتا بنرجی پر اقلیتی طبقے کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں لیکن اب مغربی بنگال پردیش کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری اور لفٹ فرنٹ کے رہنماؤں کی جانب سے بھی ترنمول کانگریس کی سربراہ پر بی جے پی کی طرح مذہب کے نام پر سیاست کرنے کا الزام عائد کیا۔