کولکاتا: مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر Governor Jagdeep Dhankar نے اسمبلی میں بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے پر گل پوشی کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
گورنر جگدیپ دھنکر نے کہا کہ عام ووٹرز خوف سے آزاد ہیں، نہیں بالکل نہیں، ریاست میں ایک عجیب ڈر کا ماحول ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات 2021 سے پہلے سیاسی تشدد کا جو کھیل شروع ہوا وہ آج تک جاری ہے۔ اس کھیل میں عام لوگوں کو جتنی تکلیفیں اٹھانی پڑی اس کا ذکر بھی نہیں کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسے روکنے کے لئے جسے آگے آنا ہوتا ہے وہ کبھی آگے نہیں آیا، حکومت عام لوگوں کو پریشانیوں سے نجات دلانے کے لئے سنجیدہ نہیں ہے، متعلقہ اداروں کی خاموشی پر سوال اٹھتا رہا ہے۔
دھنکر نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران سیاسی تشدد کے واقعات کے سبب بین الاقوامی سطح پر بنگال کی شناخت کو نقصان پہنچا ہے۔ اس کے لئے کوئی تو ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں قانون کا راج نہیں ہے، حکمراں جماعت کی حکمرانی ہے۔ اس سے جمہوریت کو نقصان پہنچتا ہے اور عام لوگ کھل کر اپنی زندگی جی نہیں پاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Jagdeep Dhankar on Howrah Amendment Bill: ہوڑہ بل پر گورنر جگدیپ دھنکر اور ممتا بنرجی آمنے سامنے
دوسری طرف مغربی بنگال اسمبلی کے اسپیکر بمان بنرجی نے کہا کہ گورنر جگدیپ دھنکر کو اسمبلی کے کمپلیکس میں اس طرح کی بیان بازی سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کی حکومت اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں اس کے بارے میں ان (گورنر) سے سننے کی ضرورت نہیں ہے۔