کولکاتا: انڈیا اتحاد کی تشکیل کے بعد بھی مغربی بنگال میں کانگریس اور ترنمول کانگریس کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔ بنگال پردیش کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری مسلسل وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر حملہ کر رہے ہیں۔ این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے مشورہ دیا کہ دونوں جماعتیں اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھیں ورنہ آنے والے دنوں میں اس کا اثر اتحاد پر پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ریاست میں اس وقت ڈینگی نے خوفناک شکل اختیار کر لی ہے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ا سپین کا دورہ کر رہی تھیں۔ ادھیر رنجن چودھری نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے اسپین کے دورے کی سخت مذمت کی۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ہی لوگوں کا درد نہیں سمجھتی ہیں۔ شرد پوار نے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ ادھیر چودھری اور ممتا بنرجی کے تعلقات میں تلخی ہے۔ ادھیر کو طعنے دینے کی بہت بری عادت ہے۔ یہ اچھی بات نہیں ہے۔ انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
ادھیر رنجن چودھری نے پیر کو مغربی بنگال میں ڈینگی پھیلنے کے درمیان اسپین کا دورہ کرنے پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول حکومت کو اگست-ستمبر میں بڑے پیمانے پر ڈینگی کے بارے میں خبردار کیا گیا تھا۔ لیکن ریاستی انتظامیہ کی بے عملی اور لاعلمی کی وجہ سے عام آدمی پریشانی کا شکار ہے۔ انہوں نے اسپین کے ایک لگژری ہوٹل میں قیام کرنے پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی تنقید کی۔ وزیر اعلیٰ ممتابنرجی پر طنز کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ وہ اسپین جا سکتی ہیں لیکن یہاں کے لوگوں کے دکھ کو نہیں سمجھتی ہیں۔ سنا ہے وزیر اعلیٰ تنخواہ نہیں لیتی ہیں۔ وہ اپنی کتابیں اور پینٹنگز بیچ کر اپنی روزی کماتی ہیں۔