ریاست مغربی بنگال کے جنوبی کولکاتا کے پرنا شری تھانہ علاقہ کے ایک مکان میں ایک خاتون اور اس کے 12 سالہ بیٹے کی لاش پنکھے سے لٹکتی ہوئی پائی گئی ہے۔
ماں اور بیٹے کی لاش ملنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔
ماں اور بیٹے کی پراسرار موت پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ قتل اور غیر فطری موت کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی گئی ہے۔ اب تک کوئی ٹھوس ثبوت ہاتھ نہیں لگا ہے۔
پولیس نے کہا کہ ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت روپالی کماری جبکہ اس کے بیٹے کی شناخت سونو کے طور پر ہوئی ہے۔
دونوں کی لاش پنکھے سے لٹکتی ہوئی حالت میں پائی گئی ہے۔ پولیس یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ خودکشی کا معاملہ ہے یا پھر قتل کا معاملہ ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ مقتولہ کے شوہر وریندر کمار سابق آرمی جوان ہے اور وہ جی پی او میں غیر مستقل ملازمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میرا بیٹا کس پارٹی میں جائے گا مجھے معلوم نہیں: شیشرادھیکاری
وریندر کمار کا کہنا ہے کہ وہ جی پی او میں غیر مستقل ملازمت کرتے ہیں۔ حسب معمول جب وہ آج دفتر سے گھر پہنچے تو مکان کا دروازہ اندر سے بند پایا۔
انہوں نے کہا کہ کافی دیر آواز دی لیکن گھر کے اندر سے کوئی جواب نہیں آیا۔ تب پڑوسیوں کی مدد سے دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے تو ماں اور بیٹے کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس سے زیادہ کچھ بھی معلوم نہیں ہے۔ پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ صبح میں ماں اور بیٹے کو آنگن میں دیکھا گیا تھا۔