غیرملکی فٹبالر مارکوس جوزف کے شاندار دو گول کی بدولت محمڈن اسپورٹنگ نے انڈین ایئرویز کو یکطرفہ مقابلے میں 0-4 گول سے شکست دے کر رواں آئی لیگ مقابلے میں مسلسل چوتھی جیت درج کی.
مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے نئی ہٹی میں واقع رشی بنکم چندرا فٹ بال اسٹیڈیم میں آئی لیگ 22-2021 مقابلے میں میزبان ٹیم محمڈن اسپورٹنگ اور انڈین ایئرویز آمنے سامنے ہوئیں.
دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز میں کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے پر سبقت بنانے کی بھر پور کوشش کی. دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف پے در پے حملے کئے گئے.
کھیل کے 18ویں منٹ پر غیر ملکی فٹبال کھلاڑی مارکوس جوزف نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار گول کرکے محمڈن اسپورٹنگ کو ایک صفر کی سبقت دلانے میں اہم رول ادا کیا.
کھیل کے 38ویں منٹ پر مارکوس جوزف نے شاندار کھیل کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے حریف ٹیم انڈین ایئرویز کے خلاف ایک اور گول کرکے اپنی ٹیم محمڈن کو دو صفر کی سبقت دلائی. مارکوس جوزف کا یہ دوسرا گول تھا.
پہلے ہاف کے اختتام تک انڈین ایئرویز نے اسکور برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ناکام رہی. پہلے ہاف میں میچ کا اسکور 0-2 رہا.
دوسرے ہاف میں بھی محمڈن اسپورٹنگ کی جانب سے شاندار کھیل سکھنے کو ملا. سیاہ سفید جرسی والی ٹیم محمڈن کے کھلاڑیوں نے حریف ٹیم پر پے در پے حملے کئے.
نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل انڈین ایئرویز کی ٹیم نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا مگر محمڈن اسپورٹنگ جیسی مضبوط ٹیم کو مزید گول کرنے سے روک نہیں پائی، کھیل کے 51ویں منٹ پر عثیر اختر نے گول کرکے محمڈن کو 0-3 سے آگے کر دیا.