مغربی بنگال کے مالدہ ضلع میں مانسون سے قبل ندی کے کنارے کمزور اور دراڑ پڑے باندھ کی مرمت کا کام جاری ہے۔
اس دوران وزیر شبینہ یاسمین ندی کے کنارے مٹی کے کٹاؤ کا جائزہ لینے کے لیے مالدہ ضلع پہنچی تھی، جہاں ان کو مقامی باشندوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ ریاستی وزیر شبینہ یاسمین کا کہنا ہے کہ مقامی باشندوں کی مخالفت جائز ہے وہ برسوں سے ندی کے کنارے مٹی کے کٹاؤ کے سبب سیلاب کے خطرے کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی باشندوں کی ناراضگی اور پریشانیوں کو دور کرنے کے لئے اس مرتبہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مٹی کے کٹاؤ کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیر کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ مانسون سے پہلے باندھوں کی مرمت کا کام مکمل کر لیا جائے گا، لوگوں کو اس مرتبہ سیلاب کے خطرے کے مدنظر گھر چھوڑ کر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ دوسری طرف مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ہر مانسون سے پہلے باندھوں کی مرمت کی جاتی ہے۔ اس کے باوجود مالدہ کے بیشتر علاقے ندی کے پانی میں غرق ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پختہ طور پر باندھوں کی مرمت کا کام نہیں کیا جاتا ہے اور انتظامیہ کی پرواہی کے سبب عام لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑ کر اسکولوں میں پناہ لینی پڑتی ہے۔