کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی نے کہاکہ یہ بات سچ ہے کہ بنگال میں ٹی ایم سی کے علاوہ بی جے پی کو کوئی ہرا نہیں سکتا ہے۔ 2024 میں ماں ماٹی مانش یعنی ترنمول کانگریس بی جے پی کو شکست دے گی۔ ہم بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔ ممتا کے اس بیان کے تناظر میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں کہ ممتا یہ واضح کرنا چاہتی ہیں کہ ملک بھر میں بی جے پی مخالف اتحاد انڈیا کے ساتھ ہیں مگر بنگال میں ترنمول کانگریس بی جے پی کے خلاف اپنے طور پر لڑے گی۔ یعنی کسی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔
ترنمول کانگریس کے ایک حلقے کے مطابق ممتا بنرجی بنگال میں ترنمول کو انڈیا اتحاد کی نمائندہ کے طور پر اجاگر کرنا چاہتی ہیں۔ بہت سے لوگوں کے مطابق ترنمول کانگریس کی سربراہ اتحاد یا سیٹ کے سمجھوتے پر بات کرنے سے پہلے کانگریس پر دباؤ بنانا چاہتی ہیں۔ وہ یہ بتانا چاہتی ہیں کہ ترنمول کانگریس بنگال میں اتحاد کی محرک قوت ہے۔ بی جے پی کو ’سبق سکھانےکے لیے ترنمول کانگریس ہی کافی ہے۔ کیونکہ ممتا بنرجی نے کبھی یہ نہیں کہا کہ بنگال میں کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔