کانگریس کے رہنما اور رکن پارلیمان ادھیر رنجن چودھری نے وزیراعلیٰ ممتابنرجی پر بی جے پی مخالف اتحاد کو کمزور کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
'ممتا بنرجی خفیہ دروازے سے بی جے پی کی مدد کرتی ہیں' کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ ناقص پالیسیوں، مایوس کن معاشی حالت،بے روزگاری، پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہونے کے سبب عام لوگ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت سے بدظن ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام لوگ اور بی جے پی کے درمیان خلا بن چکا ہے جسے پر نہیں کیا جا سکتا۔ جب سب کچھ راستے پر آ رہا ہے تو اس وقت ممتابنرجی کانگریس کو کمزور اور بی جے پی کو مضبوط بنانے پر آمادہ ہیں۔
لوک سبھا میں کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری کا کہنا ہے کہ ممتابنرجی کو بی جے پی مخالف ہوتی تو وہ بی جے پی کے اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمان کو توڑ کر اپنی پارٹی میں شامل کرتی لیکن وہ کانگریس کو کمزور بنانے پر آمادہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سابق ٹینس کھیلاڑی لینڈر پیس اور اداکار نفیسہ علی ترنمول کانگریس میں شامل
انہوں نے کہا کہ کانگریس ہی حزب اختلاف کی جماعتوں کی قیادت کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ کوئی بھی ریاستی سیاسی جماعت اس وقت بی جے پی مخالف اتحاد قائم کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر ادھیر رنجن چودھری کا کہنا ہے کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ عام لوگوں کے حق میں بات کرتی ہے لیکن کام نہیں کرتی ہیں۔ ترپورہ میں تشدد برپا ہے لیکن وزیراعلیٰ ممتا بنرجی خاموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی وہی بات کرتی ہیں جو ترنمول کانگریس کے مارکیٹنگ منیجر پرشانت کشور کہتے ہیں۔ پرشانت کشور ہیں کیا، 2014 میں مودی کے ساتھ تھے اور انہوں نے ہی بی جے پی کو اچھے دن آئیں گے کا نعرہ دیا۔ 2021 میں دیدی کیمپ میں شامل ہونے والے ترنمول کانگریس کے مارکیٹنگ منیجر پرشانت کشور نے ممتابنرجی کو دوارے دوارے سرکار کا نعرہ دیا۔