کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتابنرجی نے جمعہ کو لولو گروپ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اشرف علی کے ساتھ میٹنگ کی۔ اشرف کی وزیراعلیٰ سے ملاقات نتیجہ خیز رہی۔ دونوں کے درمیان ریاست میں سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ممتا نے بعد میں اپنے ایکس ہینڈل پر ملاقات کے بارے میں لکھا کہ لولو گروپ کےعہدیداروں کے ساتھ ملاقات بنگال کی ترقی کے لیے بہت پر امید ہے۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی عندیہ دیا کہ ملاقات میں بعض امور پر بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ لولو گروپ کلکتہ کے نیو ٹاؤن میں ایک عالمی معیار کا شاپنگ مال کی تعمیر کرے گا۔ دنیا کے تمام ممالک میں لولو گروپ کے تمام شاپنگ مالز میں بِشوا بنگلہ کے لیے علاحدہ کاؤنٹر کھولے جا سکتے ہیں۔ وہاں صرف بشوا بنگلہ کی مصنوعات فروخت کی جائیں گی۔ لولو کو اپنی مارکیٹنگ کے لیے درکار تمام پھل اور سبزیاں مغربی بنگال سے منگوائی جاتی ہیں۔ کمپنی بنگال میں فوڈ پروسیسنگ سینٹر کھولنے میں بھی دلچسپی رکھتی ہے۔ کمپنی نے مچھلی اور گوشت کی پروسیسنگ، پولٹری، ڈیری کی صنعتوں میں بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے بنگال میں ہنر مندی کی ترقی کے منصوبوں میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لولو گروپ کو 2023 کے عالمی تجارتی اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔