مغربی بنگال کے مشہور اقلیتی ادارہ اسلامیہ ہسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ایم این حق نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کورونا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اسلامیہ ہسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ایم این حق نے بتایا کہ کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے لیکن اس کے لئے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ہے۔ اس کے خاتمے میں تقریباً ایک ماہ سے زائد وقت لگ سکتا ہے۔ ڈاکٹر ایم این حق نے کہا کہ اگست کے آخر اور ستمبر کی شروعات میں کورونا وائرس کی تیسری لہر آسکتی ہے۔ اس سے نمٹنے کی تمام تر تیاریاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر سے بچوں کے متاثر ہونے کا زیادہ خدشہ ہے۔ بچوں کو کورونا وائرس کی تیسری لہر سے بچانا ہی سب سے بڑا چیلنج ہے کیوں کہ وہ بول نہیں سکتے ہیں۔ ان کی تکلیف کا احساس کیا جاسکتا ہے۔